آخری بار ترمیم کردہ: 17/4/2020
UBER کمیونٹی کے رہنما خطوط
ہم چاہتے ہیں کہ Uber سب کے لیے پُر لطف اور محفوظ ہو۔ یہ بنیادی اصول اس بات کو یقینی بنانے کے لیے بنائے گئے ہیں کہ مسافروں اور ڈرائیورز کو Uber استعمال کرتے ہوئے بہترین سفر کی سہولت میسر ہو۔ براہ کرم انہیں پڑھنے کے لیے کچھ وقت نکالیں۔ کیونکہ آپ چاہے مسافر ہوں، جو ایک جگہ سے دوسری جگہ جانا چاہتا ہے یا پھر ایک پارٹنر، جو ڈرائیونگ کے ذریعے پیسے کمانا چاہتا ہے، آپ کا رویہ بہت اہم ہے۔
ذیل میں موجود گائیڈلائنز کچھ ایسے مخصوص رویوں کی وضاحت کرتی ہیں جن کی وجہ سے آپ Uber پلیٹ فارم تک رسائی سے محروم ہو سکتے ہیں۔
ایک دوسرے کا احترام کریں
اپنے ساتھی مسافروں اور ڈرائیورز کے ساتھ ویسے ہی پیش آئیں جیسا آپ اپنے لیے پسند کرتے ہیں، یعنی احترام کے ساتھ۔ چیخنے چلانے، گالی نکالنے یا کار کا دروازہ زور سے مارنے سے گریز کرنا عام آداب میں شامل ہے۔ اور جانے سے پہلے صفائی کرنا چاہے — اپنا کچرا اپنے ساتھ گھر لے جانا ہو یا گرا ہوا مشروب صاف کرنا ہو — آپ کار کو اچھی حالت میں رکھیں گے اور یقینی بنائیں گے کہ اگلے شخص کو بھی خوشگوار سفر ملے۔ سب سے اہم بات، Uber استعمال کرتے وقت یاد رکھیں کہ آپ کی ملاقات ایسے لوگوں سے ہوگی جن کی ظاہری شکل یا سوچ و فکر آپ سے مختلف ہو سکتی ہے۔ براہ کرم ان اختلافات کا احترام کریں۔ ہم چاہتے ہیں کہ Uber استعمال کرتے ہوئے ہر کسی کو احترام کا احساس ہو۔
مسافروں اور ڈرائیورز کو کچھ ذاتی جگہ دیں
ہم سب کے لیے اپنی ذاتی جگہ اور رازداری اہم ہوتی ہے۔ کار میں دوسرے لوگوں کے ساتھ بات چیت کرنا ٹھیک ہے۔ مگر براہ کرم کسی کے ظاہری حلیے پر تبصرہ نہ کریں اور نہ ہی کسی سے اس کی ازدواجی حیثیت کے متعلق پوچھیں۔ بطور مسافر، اگر آپ کو فون کال کرنے کی ضرورت پیش آئے تو اپنی آواز دھیمی رکھیں تاکہ آپ کے ڈرائیور یا دیگر مسافروں کو پریشانی نہ ہو۔ اور کار میں دوسرے لوگوں کو نہ چھوئیں اور نہ ہی ان کے ساتھ فلرٹ کریں۔ یاددہانی کے طور پر، Uber میں جنسی تعلق نہ رکھنے کا اصول ہے۔ اس کا مطلب ہے کہ ڈرائیورز اور مسافروں کے درمیان کسی بھی قسم کے جنسی رویے کی گنجائش نہیں ہے۔
تحفظ مقدم ہے
ہر کوئی ایک جگہ سے دوسری جگہ تک بحفاظت پہنچنا چاہتا ہے۔ اس لیے براہ کرم اپنے مقامی قانون کی پیروی کریں۔ ہماری مسافر کی حفاظتی ٹپس چیک کریں۔ کار میں بیٹھتے ہوئے سیٹ بیلٹ لگا لیں۔ ظاہر ہے کہ جب Uber پر تحفظ کی بات آتی ہے تو ڈرائیورز کی خاص ذمہ داری ہوتی ہے۔ اس کا مطلب ہے کہ رفتار کی حد کا خیال رکھنا؛ ڈرائیونگ کرتے ہوئے ٹیکسٹ نہ کرنا؛ ہمیشہ فون ماؤنٹ استعمال کرنا اور کبھی بھی شراب یا ڈرگز کے زیر اثر ڈرائیونگ نہ کرنا۔ اور اگر آپ ڈرائیونگ کر رہے ہوں اور تھکاوٹ محسوس کریں تو وقفہ لے لیں۔ ماہرین کا کہنا ہے، “غنودگی کی حالت میں ڈرائیونگ کرنے کے خطرات کے خلاف اصل حفاظتی تدبیر سونا ہے۔”
بچوں کی نگرانی کرنا ضروری ہے
صرف بالغان ہی Uber مسافر اکاؤنٹ استعمال کر سکتے ہیں۔ اگر آپ کا بچہ آپ کا اکاؤںٹ استعمال کر رہا ہو تو والدین یا سرپرست کا ہر وقت اس کے ساتھ ہونا ضروری ہے۔
عوامی ایمرجنسیاں
عوامی ایمرجنسیوں کے دوران Uber ہمارے پلیٹ فارمز کی حفاظت کے لیے کچھ اضافی اقدامات لے سکتی ہے جن میں قدرتی آفات، صحت عامہ سے متعلق ایمرجنسیاں اور عوامی بحران کے حالات شامل ہیں تاہم ان تک محدود نہیں ہیں۔
مثال کے طور پر، اگر Uber کو صحت عامہ کے حکام سے نوٹس موصول ہوتا ہے کہ کسی کے Uber استعمال کرنے سے کوئی ممکنہ عوامی نقصان پیش آ سکتا ہے تو ہم اس فرد کا اکاؤنٹ تب تک انتظار کی فہرست میں ڈال سکتے ہیں جب تک اس فرد کو Uber پلیٹ فارم کے استعمال کی اجازت دینا معقول حد تک محفوظ نہ ہو جائے۔ بالکل اسی طرح، ہم صحت عامہ سے متعلق ایمرجنسی، قدرتی آفات یا دیگر عوامی بحران کی حالت کے دوران یا جب Uber پلیٹ فارم کی مستقل دستیابی کسی واضح اور موجودہ خطرے کا باعث بن سکتی ہو، حکام کی رہنمائی کی تعمیل کے لیے کسی پورے شہر یا خطے میں افراد کو Uber پلیٹ فارم کے جزوی یا مکمل استعمال سے منع کر سکتے ہیں۔
تاثرات ہم سب کو بہتر بناتے ہیں
چاہے آپ مسافر ہوں یا ڈرائیور، براہ کرم ٹرپ کے اختتام پر اپنے سفر کی درجہ بندی کریں۔ حقیقی تاثرات یقینی بناتے ہیں کہ ہر کوئی اپنے رویے کے لیے جواب دہ ہو۔ یہ جواب دہی ڈرائیورز اور مسافروں دونوں کے لیے ایک احترام سے بھرپور اور محفوظ ماحول تشکیل دیتی ہے۔ اور اگر سفر کے دوران کوئی واقعہ پیش آ جائے، چاہے ٹریفک کا حادثہ یا پھر کوئی بحث و تکرار، تو ایپ میں 'مدد' کو ٹیپ کر کے اسے رپورٹ کرنا یقینی بنائیں تاکہ ہماری کسٹمر سپورٹ ٹیم فالو اپ کر سکے۔
ذیل میں موجود رہنما خطوط کچھ ایسے مخصوص رویوں وضاحت کرتے ہیں جن کی وجہ سے آپ بھارت میں بطور مسافر یا ڈرائیور Uber تک رسائی سے محروم ہو سکتے ہیں۔
مسافر Uber تک رسائی سے کیوں محروم ہو سکتے ہیں
یہ پالیسی رویوں کی ان اقسام کی وضاحت کرتی ہے جو مسافروں کی Uber تک رسائی سے محرومی کا باعث بن سکتے ہیں۔ براہ کرم یاد رکھیں کہ اگر آپ گروپ میں سفر کر رہے ہیں یا دوسروں کو اپنے اکاؤنٹ پر ٹرپس لینے کی اجازت دیتے ہیں تو کار میں ان کے رویے کے ذمہ دار آپ ہیں۔
تمام ڈرائیورز اور مسافروں کے لیے ایک بااحترام اور محفوظ ماحول یقینی بنانا
Uber استعمال کرتے ہوئے آپ جو رویہ اپناتے ہیں اس کا ڈرائیورز اسی طرح آپ کے ساتھی مسافروں کے تحفظ اور آرام پر بڑا اثر ہو سکتا ہے۔ خوش اخلاقی اہم ہے۔ اسی لیے Uber کے ساتھ سفر کرتے ہوئے آپ سے درست فیصلے اور کار میں موجود دیگر افراد کے ساتھ مناسب رویے کی توقع کی جاتی ہے، بالکل ویسے ہی جیسے کہ آپ کسی اور عوامی مقام پر کرتے ہیں۔
بطور مسافر Uber تک رسائی سے محروم ہونے کی کچھ وجوہات یہ ہیں:
ڈرائیورز یا دیگر مسافروں کی املاک کو نقصان پہنچانا۔ مثلاً، کار کو نقصان پہنچانا، فون توڑ دینا یا لوٹ لینا، دانستہ طور پر کھانا یا مشروب گرانا، تمباکو نوشی کرنا یا شراب نوشی کی کثرت کی وجہ سے قے کرنا۔
ڈرائیور یا ساتھی مسافروں کے ساتھ جسمانی رابطہ۔ جیسا کہ کمیونٹی کی یہ گائیڈ لائنز واضح کرتی ہیں، آپ کو کار میں موجود دیگر لوگوں کو نہ چھونا چاہیے اور نہ ہی کسی سے فلرٹ کرنا چاہیے۔ یاددہانی کے طور پر، Uber میں جنسی تعلق نہ رکھنے کا اصول ہے۔ اس کا مطلب ہے کہ کسی بھی صورت میں ڈرائیورز یا ساتھی مسافروں کے ساتھ کوئی جنسی رویہ نہیں رکھا جائے گا۔ نیز آپ کو کبھی بھی کسی ڈرائیور یا ساتھی مسافر کو مارنا یا کسی اور طرح نقصان نہیں پہنچانا چاہیے۔
نامناسب اور غیرمہذب زبان یا اشارے استعمال کرنا۔ مثلاً، حد سے زیادہ ذاتی نوعیت کے سوالات پوچھنا، زبانی دھمکیاں استعمال کرنا اور ایسے تبصرے یا اشارے کرنا جو جارحیت، جنسیت، امتیاز یا بدتمیزی میں شمار ہوں۔
ٹرپ ختم ہونے کے بعد ڈرائیور یا ساتھی مسافر کے ساتھ غیر ضروری رابطہ۔ مثلاً، سفر مکمل ہونے کے بعد کسی کو ٹیکسٹ یا کال کرنا یا ذاتی طور پر کسی سے ملاقات کرنا۔
Uber استعمال کرتے ہوئے مقامی قانون توڑنا۔ مثلاً، کار میں شراب یا منشیات کے کھلے ہوئے کنٹینرز لانا؛ شراب یا منشیات استعمال کرنا؛ بڑے گروپس کی صورت میں سفر کرنا جن کی تعداد کار میں موجود سیٹ بیلٹس سے زیادہ ہو؛ ڈرائیورز سے مقامی ٹریفک کے قوانین جیسے کہ رفتار کی حدود کو توڑنے کا کہنا یا Uber کو کسی جرم کا ارتکاب کرنے کے لیے بشمول منشیات یا انسانوں کی ٹریفکنگ یا بچوں کے جنسی استحصال کے لیے استعمال کرنا۔
مسافر کا رویہ۔ اگر مسافر کمیونٹی کے ان رہنما خطوط میں بیان شدہ اسٹار درجہ بندیوں کے تقاضوں پر پورا نہیں اترتے تو وہ Uber تک رسائی سے محروم ہو سکتے ہیں۔
اگر ہمیں اس قسم کے کسی مشتبہ رویے کے بارے میں اطلاع ملی تو ہم آپ سے اس بارے میں تفتیش کرنے کے لیے رابطہ کریں گے۔ تشویش کی نوعیت کے لحاظ سے، ممکن ہے کہ ہم اپنی تفتیش کے دوران آپ کا اکاؤنٹ ہولڈ پر رکھ دیں۔ اگر مسائل کی نوعیت سنجیدہ ہوئی یا پھر مکرر خلاف ورزی ہوئی یا آپ تعاون کرنے سے انکار کرتے ہیں تو آپ Uber تک رسائی سے محروم ہو سکتے ہیں۔ Uber استعمال کرتے ہوئے تشدد، جنسی بدسلوکی، ہراساں کرنا، امتیاز یا غیر قانونی سرگرمی پر مشتمل کسی بھی قسم کے رویے کا نتیجہ آپ کے اکاؤنٹ تک رسائی سے فوری طور پر محروم ہونے کی صورت میں نکل سکتا ہے۔ اس کے علاوہ، جب قانون نافذ کرنے والے ادارے ملوث ہوں تو ہم اپنے نفاذ قانون کے رہنما خطوط کے مطابق ان کی تفتیش میں تعاون کریں گے۔
استعمال کی شرائط
مسافر کے بطور، آپ جب اپنے اکاؤنٹ کے لیے سائن اپ کرتے ہیں تو آپ ہماری استعمال کی شرائط سے اتفاق کرتے ہیں۔ ہم ان شرائط کی خلاف ورزی پر آپ کے خلاف کارروائی کر سکتے ہیں جس میں آپ کے اکاؤنٹ کو مستقل بندش بھی شامل ہے۔ مثلاً، درست، مکمل اور اپ ٹو ڈیٹ اکاؤنٹ کی معلومات برقرار رکھنے میں ناکامی، بشمول فائل پر غلط یا زائد المیعاد ادائیگی کا طریقہ ہونا؛ کسی ایسے شخص کو تنہا اپنا اکاؤنٹ استعمال کرنے کی اجازت دینا جو کم از کم عمر کے تقاضے پر پورا نہ اترتا ہو یا اگر آپ خود اس عمر کے تقاضے پر پورے نہ اترتے ہوں۔
امتیاز
Uber میں کسی بھی قسم کے امتیاز کے حوالے سے عدم برداشت کی پالیسی رائج ہے۔ اس کا مطلب ہے کہ اگر آپ ڈرائیورز یا دیگر مسافروں کے خلاف ان کی نسل، ذات، مذہب، قومی حسب نسب، معذوری، جنسی رجحان، جنس، ازدواجی حیثیت، جنسی شناخت، عمر یا دیگر ایسی کسی خصوصیت کی بنیاد پر امتیاز برتتے ہوئے پائے جاتے ہیں جو قابل اطلاق قانون کے تحت تحفظ یافتہ ہو تو آپ اپنے اکاؤنٹ تک رسائی سے محروم ہو جائیں گے۔
فراڈ یا ناجائز رویہ
فراڈ پر مبنی یا ناجائز رویہ اس اعتماد کو تباہ کرتا ہے جس پر Uber کی بنیاد کھڑی ہے۔ ہم اس قسم کی سرگرمی سے منسلک کوئی بھی اکاؤنٹ (اکاؤنٹس) غیر فعال کر سکتے ہیں، بشمول: پروموشنز کا بے جا استعمال؛ مسافر اور ڈرائیور کے بیچ خفیہ معاہدہ؛ فراڈ یا ناجائز مقاصد کے لیے کرایوں پر تنازع کھڑا کرنا یا ڈپلیکیٹ اکاؤنٹس۔
اسلحے کی ممانعت
Uber مسافروں اور ڈرائیورز کو ایپ استعمال کرتے ہوئے گاڑی میں اسلحہ رکھنے کی ممانعت کرتی ہے۔ آپ ہماری اسلحے کی ممانعت کی پالیسی کے بارے میں مزید یہاں جان سکتے ہیں۔ [1] اگر آپ Uber کی اسلحے کی ممانعت کی پالیسی کی خلاف ورزی کرتے ہیں تو آپ Uber تک رسائی سے محروم ہو سکتے ہیں۔
ڈرائیورز Uber تک رسائی سے کیوں محروم ہو سکتے ہیں
اگر آپ ایک ڈرائیور ہیں اور آپ کا اکاؤنٹ عارضی طور پر بلاک یا غیر فعال ہو جاتا ہے تو یہ آپ کی کمانے کی اہلیت کو محدود کر دیتا ہے۔ اسی لیے ہمارا ماننا ہے کہ واضح پالیسیاں رکھنا اہم ہے جو وضاحت کریں کہ کن صورتوں میں آپ کو Uber تک رسائی سے منع کیا جا سکتا ہے؛ آپ کس طرح ایپ کو دوبارہ استعمال کر سکتے ہیں (اگر ممکن ہو) اور آپ ان فیصلوں کے خلاف کیسے اپیل کر سکتے ہیں۔ [1]
ہمیشہ ایسے کچھ ناقابل توقع واقعات موجود رہیں گے جو بالآخر آپ کے ڈرائیور اکاؤنٹ تک رسائی سے محروم ہونے کا باعث بن سکتے ہیں اور ہم باقاعدگی کے ساتھ اس پالیسی کو اپ ڈیٹ کرتے رہیں گے مگر مندرجہ ذیل وجوہات Uber کے کارروائی کرنے کے لیے کافی ہیں: معیار؛ تحفظ؛ فراڈ اور امتیاز۔ [2]
معیار
Uber استعمال کرنے والے مسافر اپنے ڈرائیورز سے محفوظ طور پر ڈرائیونگ کرنے، ساتھ ہی شائستہ اور پیشہ ورانہ رویے کی توقع کرتے ہیں۔ جتنا بلند سروس کا معیار ہو گا اتنے ہی زیادہ مسافر ٹرپس لینا چاہیں گے، جس کا مطلب ہے ڈرائیورز کے لیے پیسے کمانے کے مزید مواقع۔ ناقص سروس کا وقت کے ساتھ الٹا اثر ہوتا ہے۔
ہم متعدد طریقوں سے ڈرائیور کے معیار کا تعین کرتے ہیں جن میں سب سے اہم اسٹار درجہ بندیاں، منسوخی کی شرح اور قبولیت کی شرح ہے:
اسٹار درجہ بندیاں
ہر ٹرپ کے بعد، ڈرائیورز اور مسافر ایک دوسرے کی ایک سے پانچ اسٹارز کے پیمانے پر ریٹنگ کر سکتے ہیں اور تاثرات بھی دے سکتے ہیں کہ ٹرپ کیسا تھا۔ یہ دو طرفہ نظام ہر ایک کو اپنے برتاؤ کے لیے ذمہ دار بناتا ہے۔ احتساب ڈرائیورز اور مسافروں دونوں کے لیے ایک باتہذیب اور محفوظ ماحول تشکیل دینے میں مدد کرتا ہے۔ ڈرائیورز Uber پارٹنر ایپ کے ریٹنگس ٹیب میں اپنی موجودہ درجہ بندی دیکھ سکتے ہیں۔
بطور ڈرائیور میری درجہ بندی کا حساب کس طرح لگایا جاتا ہے؟ آپ کی درجہ بندی مسافروں کے ٹرپ کے بعد آپ کو دیے جانے والے اسٹارز کی تعداد کے اوسط پر منحصر ہوتی ہے (1 تا 5 اسٹارز)، اس کا حساب آپ کے آخری 500 درجہ بندی کیے گئے ٹرپس یا اگر 500 سے کم ہوں تو درجہ بندی کیے گئے ٹرپس کی کُل تعداد کے لحاظ سے لگایا جاتا ہے۔
اپنی اوسط درجہ بندی بلند رکھنے کا آسان ترین طریقہ ہر ٹرپ پر اچھی سروس فراہم کرنا ہے۔ Uber استعمال کرنے والے ڈرائیورز عموماً شاندار سروس فراہم کرتے ہیں لہذا زیادہ تر ٹرپس بغیر کسی پریشانی کے انجام پاتے ہیں۔ مگر ہم جانتے ہیں کہ کبھی کبھار کوئی ٹرپ اچھا نہیں بھی ہو پاتا، اسی لیے ہم صرف آپ کے حالیہ ترین 500 ٹرپس (یا اگر 500 سے کم ہوں تو آپ کے کُل درجہ بندی کیے گئے ٹرپس) میں آپ کی اوسط درجہ بندی کو مدنظر رکھتے ہیں۔ اس سے آپ کو وقت کے ساتھ بہتر ہونے کا موقع ملتا ہے۔
آپ کے اپنے اکاؤنٹ تک رسائی سے محروم ہونے کا کیا سبب ہو سکتا ہے؟ ہر شہر کے لیے ایک کم از کم اوسط درجہ بندی مقرر ہے۔ ایسا مختلف شہروں کے لوگوں کے ایک دوسرے کی درجہ بندی کرنے کے طریقے میں ثقافتی فرق کی وجہ سے ہے۔ اگر آپ کی درجہ بندی اس حد کو پہنچ رہی ہوگی تو ہم آپ کو وقت کے ساتھ ساتھ الرٹ کرتے رہیں گے اور آپ کو معیار بہتر بنانے کے کورسز کے بارے میں بھی معلومات ملیں گی جو بہتری لانے میں آپ کی مدد کر سکیں گے۔ تاہم، اگر آپ کی اوسط درجہ بندی متعدد نوٹیفکیشنز کے باوجود کم از کم حد سے نیچے گر جاتی ہے تو آپ اپنے اکاؤنٹ تک رسائی سے محروم ہو جائیں گے۔
منسوخی کی شرح
ڈرائیور کی منسوخی یہ ہے کہ آپ ٹرپ کی درخواست قبول کرنے کے بعد ٹرپ منسوخ کر دیں۔ منسوخیاں مسافر کے ناقص تجربے کا باعث بنتی ہیں اور دوسرے ڈرائیورز کو منفی انداز میں متاثر کرتی ہیں۔ ہم سمجھ سکتے ہیں کہ بعض اوقات کچھ ایسا ہو سکتا ہے جس کی وجہ سے آپ کو کوئی قبول کردہ ٹرپ منسوخ کرنا پڑے۔ مگر منسوخیوں کو کم کرنا سسٹم کے قابل اعتماد ہونے کے لیے اشد ضروری ہے۔
میری منسوخی کی شرح کا حساب کس طرح لگایا جاتا ہے؟ آپ کی منسوخی کی شرح کا انحصار آپ کے قبول کردہ ٹرپس کی کُل تعداد میں سے منسوخ کردہ ٹرپس کی تعداد پر ہوتا ہے۔ (مثال کے طور پر، اگر آپ نے 100 ٹرپس قبول کیے ہیں اور ان میں سے 4 منسوخ کیے ہیں تو آپ کی منسوخی کی شرح 4% ہو گی۔) اعلی معیار والے ڈرائیورز کی منسوخی کی شرح عموماً 5% سے کم ہوتی ہے۔
آپ کے اپنے اکاؤنٹ تک رسائی سے محروم ہونے کا کیا سبب ہو سکتا ہے؟ ہر شہر کی ایک زیادہ سے زیادہ منسوخی کی شرح ہوتی ہے جس کا انحصار اس علاقے کے ڈرائیورز کی منسوخی کی اوسط شرح پر ہوتا ہے۔ اگر آپ کی منسوخی کی شرح بلند ہوئی یا آپ مسلسل اپنے شہر کے دیگر ڈرائیورز کے مقابلے میں زیادہ منسوخیاں کر رہے ہیں تو ہم آپ کو متعدد بار الرٹ کریں گے، جس کے بعد آپ کو ایپ سے لاگ آؤٹ کیا جا سکتا ہے۔ اگر آپ کی منسوخی کی شرح زیادہ سے زیادہ حد سے بڑھی رہتی ہے تو آپ اپنے اکاؤنٹ تک رسائی سے محروم ہو سکتے ہیں۔
قبولیت کی شرحیں
قبولیت کی بلند شرحیں قابل اعتماد، اعلی معیار کی سروس کا انتہائی ضروری حصہ ہیں۔ ہم سمجھ سکتے ہیں کہ کبھی کبھار کچھ ایسا ہو سکتا ہے جس کی وجہ سے آپ ٹرپ قبول نہ کر پائیں۔ مگر قبولیت کو بڑھانا سسٹم کے قابل اعتماد ہونے کے لیے اشد ضروری ہے۔
ٹرپ کی درخواستوں کو تسلسل کے ساتھ قبول کرنا ڈرائیورز کے لیے کمائی بڑھانے اور سسٹم کو بغیر کسی پریشانی کے چلانے میں معاون ہوتا ہے۔ ہم جانتے ہیں کہ بعض اوقات کچھ ایسا ہو سکتا ہے جو آپ کو ہر ٹرپ کی درخواست نہ قبول کرنے دے یا ممکن ہے کہ آپ وقفہ لینا چاہتے ہوں۔ مگر ڈسپیچز قبول نہ کرنا تاخیر کا سبب بنتا ہے اور سسٹم کے اعتبار میں کمی کا باعث بنتا ہے۔ اگر آپ ٹرپس قبول نہیں کرنا چاہتے تو بس لاگ آف کر دیں۔
اگر مسلسل ٹرپ کی درخواستیں مسترد کرتے ہیں تو ہم یہ سمجھیں گے کہ آپ مزید ٹرپس قبول نہیں کرنا چاہتے اور آپ کو کچھ وقت کے لیے ایپ سے لاگ آؤٹ کر دیا جائے گا۔ اس سے یہ یقینی بنانے میں مدد ملتی ہے کہ جو ڈرائیورز آن لائن ہوں وہ ٹرپس قبول کرنے کے لیے تیار ہوں۔ یہ سسٹم کے معیار کی حفاظت کرتا ہے کیونکہ اس طرح مسافروں کو ممکنہ حد تک مؤثر انداز میں دستیاب ڈرائیورز کے ساتھ میچ کیا جاتا ہے۔
حفاظت
Uber ڈرائیورز اور مسافروں کو محفوظ رکھنے کے لیے ٹیکنالوجی کا استعمال کرتی ہے، مثلاً ہر سفر کی GPS ٹریکنگ کے ذریعے اور مسافروں کو ریئل ٹائم میں اپنی فیملیز یا دوستوں کے ساتھ سفر شیئر کرنے کی سہولت دے کر۔ ان تمام کو ڈرائیورز کی پیشگی سکریننگز کے ایک طاقتور سسٹم کے ذریعے سہارا دیا جاتا ہے۔ ہمارے پاس حفاظت سے متعلق واقعات کی تفتیش کے لیے 24/7 کال پر دستیاب وقف کردہ رسپانس ٹیم برائے حادثات بھی ہے۔
ڈرائیورز اور مسافروں کی حفاظت کو خطرے میں ڈالنے والے اعمال کی تفتیش کی جائے گی اور اگر توثیق ہو جائے تو اس کا نتیجہ آپ کے اکاؤنٹ کی مستقل غیر فعالی کی صورت میں نکلے گا۔ مثلاً:
مسافروں کے ساتھ جسمانی رابطہ۔ جیسا کہ کمیونٹی کے یہ رہنما خطوط واضح کرتے ہیں، آپ کو کار میں موجود دیگر لوگوں کو نہ چھونا چاہیے اور نہ ہی کسی سے فلرٹ کرنا چاہیے۔ یاددہانی کے طور پر، Uber میں جنسی تعلق نہ رکھنے کا اصول ہے۔ اس کا مطلب ہے کسی بھی صورت میں مسافروں کے ساتھ کوئی جنسی رویہ نہ رکھنا۔ اور آپ کو کبھی بھی کسی مسافر کو مارنا یا کسی اور صورت میں نقصان نہیں پہنچانا چاہیے۔
نامناسب اور غیرمہذب زبان یا اشارے استعمال کرنا۔ مثلاً، حد سے زیادہ ذاتی نوعیت کے سوالات پوچھنا، زبانی دھمکیاں استعمال کرنا اور ایسے تبصرے یا اشارے کرنا جو جارحیت، جنسیت، امتیاز یا بدتمیزی میں شمار ہوں۔
ٹرپ ختم ہونے کے بعد مسافروں کے ساتھ غیر ضروری رابطہ۔ مثلاً، سفر مکمل ہونے کے بعد کسی کو ٹیکسٹ یا کال کرنا یا ذاتی طور پر کسی سے ملاقات کرنا۔
Uber استعمال کرتے ہوئے مقامی قانون توڑنا۔ مثلاً، ڈرائیونگ کرتے ہوئے ٹیکسٹ کرنا؛ رفتار حد سے زیادہ بڑھانا یا بصورت دیگر مقامی ٹریفک کے قوانین توڑنا اور Uber کو کسی جرم کے ارتکاب کے لیے استعمال کرنا جس میں منشیات اور انسانوں کی ٹریفکنگ یا بچوں کا جنسی استحصال شامل ہے۔
محفوظ ڈرائیونگ۔ Uber ایپ استعمال کرنے والے ڈرائیورز سے ہمیشہ محفوظ انداز میں ڈرائیونگ کی توقع کرتی ہے۔
آپ کے اپنے اکاؤنٹ تک رسائی سے محروم ہونے کا کیا سبب ہو سکتا ہے؟ اگر ہمیں اس قسم کے کسی رویے کے بارے میں اطلاع ملی تو ہم آپ سے اس بارے میں تفتیش کرنے کے لیے رابطہ کریں گے۔ تشویش کی نوعیت کے لحاظ سے، ممکن ہے کہ ہم اپنی تفتیش کے دوران آپ کا اکاؤنٹ ہولڈ پر رکھ دیں۔ اگر مسائل کی نوعیت سنجیدہ ہوئی یا پھر مکرر خلاف ورزی ہوئی یا آپ تعاون کرنے سے انکار کرتے ہیں تو آپ Uber تک رسائی سے محروم ہو سکتے ہیں۔ Uber استعمال کرتے ہوئے تشدد، جنسی بدسلوکی، ہراساں کرنا، امتیاز یا غیر قانونی سرگرمی پر مشتمل کسی بھی قسم کے رویے کا نتیجہ آپ کی اکاؤنٹ تک رسائی سے فوری محرومی کی صورت میں نکل سکتا ہے۔ Uber ایسے کسی ڈرائیور کا اکاؤنٹ بھی غیر فعال کر دے گی جس کے بارے میں Uber ایپ استعمال کرتے ہوئے ناقص، غیر محفوظ یا لاپرواہی سے ڈرائیونگ کرنے کی متعدد یا سنگین شکایات موصول ہوں۔ اس کے علاوہ، جب قانون نافذ کرنے والے ادارے ملوث ہوں تو ہم اپنے نفاذ قانون کے رہنما خطوط کے مطابق ان کی تفتیش میں تعاون کریں گے۔
منشیات اور شراب کے حوالے سے عدم برداشت
Uber پارٹنرز کی جانب سے دورانِ ڈرائیونگ منشیات یا شراب استعمال کرنا برداشت نہیں کرتی۔
آپ کے اپنے اکاؤنٹ تک رسائی سے محروم ہونے کا کیا سبب ہو سکتا ہے؟ ایسے کسی بھی ڈرائیور کا اکاؤنٹ جو Uber ایپ استعمال کرتے ہوئے منشیات یا الکحل کے زیر اثر پایا گیا مستقل طور پر غیر فعال ہو جائے گا۔ Uber ایسے کسی ڈرائیور کا اکاؤںٹ بھی غیر فعال کر سکتی ہے جس کے بارے میں منشیات یا شراب کے استعمال کی متعدد غیر توثیق شدہ شکایات موصول ہوں۔
قانون کی پاسداری
ہم Uber ایپ استعمال کرنے والے ڈرائیورز سے توقع کرتے ہیں کہ وہ ہر وقت تمام متعلقہ مرکزی، ریاستی اور مقامی قوانین اور روڈ کے اصولوں کے مطابق عمل کریں گے۔ اس میں آپ کے علاقے میں ڈرائیورز اور گاڑیوں کے لیے ریگولیٹری تقاضوں پر پورا اترنا شامل ہے۔
آپ کے اپنے اکاؤنٹ تک رسائی سے محروم ہونے کا کیا سبب ہو سکتا ہے؟ Uber اس قسم کی سرگرمیوں کی وجہ سے آپ کا اکاؤنٹ مستقل طور پر غیر فعال کر سکتی ہے: Uber ایپ استعمال کرتے ہوئے سنگین غیر قانونی سرگرمی میں ملوث پایا جانا؛ درست گاڑی کی رجسٹریشن یا ڈرائیونگ لائسنس برقرار نہ رکھنا اور ایسے سنگین ٹریفک کے حوالے یا متعدد ٹریفک کے حوالے موصول کرنا جو Uber ایپ استعمال کرتے ہوئے غیر محفوظ ڈرائیونگ کی نشاندہی کرتے ہوں۔
اسلحے کی ممانعت
Uber مسافروں اور ڈرائیورز کو ایپ استعمال کرتے ہوئے گاڑی میں اسلحہ رکھنے کی ممانعت کرتی ہے۔ آپ ہماری اسلحے کی ممانعت کی پالیسی کے بارے میں مزید یہاں جان سکتے ہیں۔ [1] اگر آپ Uber کی اسلحے کی ممانعت کی پالیسی کی خلاف ورزی کرتے ہیں تو آپ Uber تک رسائی سے محروم ہو سکتے ہیں۔
پس منظر کی جانچیں
Uber ایپ استعمال کرنے کے خواہشمند تمام ڈرائیورز کے لیے ضروری ہے کہ وہ ایک سکریننگ پراسیس سے گزریں، جیسے کہ موٹر گاڑی کا ریکارڈ اور پس منظر کی جانچیں، تاکہ حفاظت اور ہمارے معیار کی تعمیل کو یقینی بنایا جا سکے۔
آپ کے اپنے اکاؤنٹ تک رسائی سے محروم ہونے کا کیا سبب ہو سکتا ہے؟ اگر معمول کے موٹر گاڑی کے ریکارڈ یا پس منظر کی جانچ سے Uber کے حفاظتی معیارات یا مقامی ریگولیٹرز کو درکار کسی دیگر معیار کی خلاف ورزی کا پتہ لگتا ہے تو ہم ڈرائیور کے اکاؤنٹ کو مستقل طور پر غیر فعال کر دیں گے۔
ناقابل قبول سرگرمیاں
ہر ٹرپ کی شفافیت اور تحفظ کو برقرار رکھنے کے مقصد سے تمام صارفین کے لیے، Uber کے سسٹم سے ہٹ کر کی جانے والی سرگرمیاں جیسے کہ گمنام پک اپس ممنوع ہیں۔
آپ کے اپنے اکاؤنٹ تک رسائی سے محروم ہونے کا کیا سبب ہو سکتا ہے؟ ہم اس قسم کی سرگرمیوں پر ڈرائیور کے خلاف کارروائی کریں گے: Uber ایپ استعمال کرتے ہوئے غیر قانونی سڑک کی درخواستیں قبول کرنا؛ کاروبار یا برانڈ کو نقصان پہنچانا جیسے کہ Uber کے ٹریڈ مارک یا املاک دانش کا غیر مجاز استعمال یا بصورت دیگر Uber کے ساتھ ڈرائیورز کے معاہدے کی خلاف ورزی اور Uber سسٹم سے ہٹ کر کرایوں کی ادائیگی مانگنا۔
فراڈ
فراڈ پر مبنی سرگرمی اس اعتماد کو نقصان پہنچاتی ہے جس پر Uber کی بنیاد کھڑی ہے۔ اسی لیے ہم مستقل طور پر ایسے مسافروں اور ڈرائیورز کے فراڈ پر نظر رکھتے ہیں جو ہمارے سسٹمز کے ساتھ کھلواڑ کرتے ہیں۔
آپ کے اپنے اکاؤنٹ تک رسائی سے محروم ہونے کا کیا سبب ہو سکتا ہے؟ ہم فراڈ پر مبنی سرگرمی سے منسلک کسی بھی اکاؤنٹ یا اکاؤںٹس کو غیر فعال کر دیں گے جس میں یہ شامل ہو سکتے ہیں: ٹرپ کے وقت یا فاصلے کو دانستہ طور پر بڑھانا؛ مکمل کرنے کی نیت کے بغیر ٹرپس قبول کرنا بشمول مسافروں کو منسوخ کرنے کے لیے اکسانا، فراڈ کے مقاصد کے لیے ڈمی مسافر یا ڈرائیور اکاؤنٹس بنانا؛ فراڈ پر مبنی فیس یا چارجز کلیم کرنا جیسے کہ جھوٹی صفائی کی فیس اور دانستہ طور پر فراڈ پر مبنی یا جھوٹے ٹرپس قبول یا مکمل کرنا۔
درست ذاتی معلومات
Uber ایپ مسافروں کو ٹرپ شروع ہونے سے پہلے ڈرائیورز اور ان کی گاڑیوں کے بارے میں شناختی معلومات فراہم کرنے کے لیے ڈیزائن کی گئی ہے جیسے کہ ان کے نام، پروفائل تصویر، گاڑی کا ماڈل اور لائسنس پلیٹ نمبر۔ غلط یا پرانی معلومات مسافروں میں پریشانی پیدا کرتی ہیں اور ان کے Uber کے ساتھ تجربے کو خراب کر سکتی ہیں۔
آپ کے اپنے اکاؤنٹ تک رسائی سے محروم ہونے کا کیا سبب ہو سکتا ہے؟ ہم اس قسم کی سرگرمیوں کے لیے آپ کے اکاؤنٹ کو غیر فعال کر دیں گے: Uber کو غلط معلومات فراہم کرنا؛ کسی اور کو اپنا اکاؤںٹ استعمال کرنے کی اجازت دیتا اور کسی غیر منظور شدہ گاڑی کے ذریعے ٹرپ لینا۔
اس کے علاوہ، ہم ایسے کسی بھی ڈرائیور کو آن لائن ہونے سے روکنے کے لیے کارروائی کریں گے جس کی لازمی دستاویزات درست نہ ہوں — جیسے کہ زائد المیعاد ڈرائیونگ لائسنس — جب تک کہ ڈرائیور Uber کو اپ ڈیٹ شدہ معلومات فراہم نہیں کر دیتا۔
امتیاز
Uber کا مشن مسافروں کو قابل اعتماد ٹرانسپورٹیشن سے منسک کرنا ہے، ہر جگہ اور ہر کسی کے لیے۔ Uber میں کسی بھی قسم کے امتیاز کے حوالے سے ہماری عدم برداشت کی پالیسی ہے۔
آپ کے اپنے اکاؤنٹ تک رسائی سے محروم ہونے کا کیا سبب ہو سکتا ہے؟ اس بنیاد پر سروس فراہم کرنے سے منع کر دینا ناقابل قبول ہے کہ کوئی کہاں جا رہا ہے یا پھر کسی شخص کی نسل، ذات، مذہب، قومی حسب نسب، معذوری، جنسی رجحان، جنس، ازدواجی حیثیت، جنسی شناخت، عمر یا کسی بھی ایسی خصوصیت کی بنیاد پر جو متعلقہ مرکزی، ریاستی یا مقامی قانون کے تحت تحفظ یافتہ ہوں۔ اس قسم کی کارروائیوں کا نتیجہ آپ کے اکاؤنٹ کی مستقل غیر فعالی کی صورت میں نکلے گا۔
ہم معذور مسافروں کے لیے ٹرانسپورٹیشن کے آپشنز بڑھانے میں مدد کرنا چاہتے ہیں۔ اسی لیے ہمارے پاس ڈرائیورز کے لیے اس موضوع پر معلومات دستیاب ہیں۔ رسائی کے حوالے سے Uber کے عزم پر مزید معلومات کے لیے یہاں دیکھیں۔ ہم Uber ایپ استعمال کرنے والے ڈرائیورز سے معذور مسافروں کی ٹرانسپورٹیشن کو انجام دیتے ہوئے تمام متعلقہ ریاستی، مرکزی اور مقامی قوانین کی تعمیل کرنے کی توقع کرتے ہیں۔
مسافر اور ڈرائیور کی اسٹار درجہ بندیاں
ہر ٹرپ کے بعد، ڈرائیورز اور مسافر ایک دوسرے کی پانچ اسٹار والے پیمانے پر درجہ بندی کر سکتے ہیں اور تاثرات بھی دے سکتے ہیں کہ ٹرپ کیسا تھا۔ یہ دو طرفہ نظام ہر ایک کو اپنے رویے کے لیے ذمہ دار بناتا ہے۔ احتساب ڈرائیورز اور مسافروں کے لیے ایک مہذب اور محفوظ ماحول تشکیل دینے میں مدد کرتا ہے۔ ڈرائیورز Uber ڈرائیور ایپ کے ریٹنگ ٹیب میں اپنی موجودہ درجہ بندی دیکھ سکتے ہیں۔ مسافر Uber ایپ کے مینو میں اپنی موجودہ درجہ بندی دیکھ سکتے ہیں۔
میری درجہ بندی کا حساب کس طرح لگایا جاتا ہے؟ بطور مسافر، آپ کی درجہ بندی کا انحصار ٹرپ کے بعد ڈرائیورز کی جانب سے آپ کو دیے گئے اسٹارز کی اوسط تعداد پر ہے (1 تا 5 اسٹارز)۔ بطور ڈرائیور، آپ کی درجہ بندی کا انحصار ٹرپ کے بعد مسافروں کی جانب سے آپ کو دیے گئے اسٹارز کی اوسط تعداد پر ہے (1 تا 5 اسٹارز)۔ دونوں صورتوں میں، درجہ بندی آپ کے درجہ بندی والے آخری 500 ٹرپس یا اگر 500 سے کم ہوں تو درجہ بندی والے ٹرپس کی کُل تعداد پر منحصر ہوتی ہے۔
اپنی اوسط درجہ بندی کو بلند رکھنے کا سب سے آسان طریقہ ہر ٹرپ پر گاڑی میں موجود لوگوں کے ساتھ شائستگی اور احترام کے ساتھ پیش آنا ہے اور اگر آپ ڈرائیور ہیں تو ہر ٹرپ پر اچھی سروس فراہم کرنا ہے۔ Uber پلیٹ فارم پر زیادہ تر ڈرائیورز شاندار سروس فراہم کرتے ہیں اور زیادہ تر مسافر شائستگی اور احترام کے ساتھ پیش آتے ہیں لہذا زیادہ تر ٹرپس بغیر کسی پریشانی کے انجام پاتے ہیں۔ مگر ہم جانتے ہیں کہ کبھی کبھار ٹرپ اچھا نہیں ہو پاتا، اسی لیے ہم صرف آپ کے حالیہ ترین 500 ٹرپس (یا اگر 500 سے کم ہوں تو درجہ بندی کیے گئے ٹرپس کی کُل تعداد) میں آپ کی اوسط درجہ بندی کو مدنظر رکھتے ہیں۔ اس سے آپ کو وقت کے ساتھ اپنی درجہ بندی بہتر بنانے کا موقع ملتا ہے۔
غیر فعالیت کا سبب کیا بنتا ہے؟ اعلی معیار کا تجربہ برقرار رکھنے کے لیے، آپ کے شہر میں مسافروں اور ڈرائیورز دونوں کے لیے ایک کم از کم اوسط درجہ بندی مقرر ہے۔ اگر آپ کی درجہ بندی قابل اطلاق حد تک پہنچ رہی ہے تو ہم آپ کو الرٹ کریں گے اور ایسی معلومات شیئر کریں گے جو ممکنہ طور پر درجہ بندی بہتر کرنے میں آپ کی مدد کر پائیں گی۔
اگر آپ کی اوسط درجہ بندی متعدد نوٹیفکیشنز کے بعد بھی شہر کی کم از کم حد سے نیچے ہوئی تو آپ کا Uber اکاؤنٹ غیر فعال کیا جا سکتا ہے۔ بطور مسافر، اگر آپ کا Uber اکاؤنٹ غیر فعال یا معطل ہو جائے تو آپ Uber ایپ یا Uber Eats ایپ دونوں میں سے کسی تک بھی رسائی نہیں کر پائیں گے۔
Uber BV
صفحہ آخری بار اپ ڈیٹ کیا گیا: 8 جنوری 2019
[1] قابل اطلاق قانون کی اجازت یافتہ حد تک۔ [2] یہ پالیسی UberRush اور Uber Eats کے لیے Uber ایپ استعمال کرنے والے ڈرائیورز پر لاگو نہیں ہوتی۔